کاروار، 23؍فروری (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے ہیڈ کوارٹر کاروار میں کے ایس آر ٹی سی بسوں کی بدنظمی کو دیکھتے ہوئے عوام یہ الزام لگا رہے ہیں کہ پرائیویٹ بس لابی کے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے نارتھ ویسٹ کے ایس آر ٹی سی والے سرکاری بس ڈپو بند کرنے کی سازش کر رہے ہیں ۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ کاروار سے ضلع کے باہر اور دیگر ریاستوں کے لئے نکلنے والے سرکاری بسوں کا نظام ابتری کا شکار ہوگیا ہے ۔ مہاراشٹرا کے تھانے ، پونے اور ممبئی وغیرہ کے لئے یہاں سے جو بسیں روانہ ہورہی تھیں جس سے کاروار کے علاوہ ہلیال اور یلاپور کے مسافروں کو بہت سہولت ہو رہی تھی ۔ لیکن اب اس روٹ کی خستہ حالت کا بہانہ بنا کر ان بسوں کو بیلگام سے ذرا آگے نیپانی تک ہی دوڑایا جا رہا ہے ۔ اور مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ ان بسوں پر کاروار - تھانے کا بورڈ لگا رہتا ہے ۔ اس سے مسافروں کو غلط فہمی ہوتی ہے اور اکثر و بیشتر کنڈکٹر کے ساتھ تو تو میں میں ہونے لگتی ہے۔ اس طرح بس ڈپو افسران کی اس بدانتظامی کا نقصان کنڈکٹر اور مسافروں کو بھگتنا پڑتا ہے ۔
اسی طرح کاروار سے حیدرآباد جانے والے بس کو بھی ہبلی تک ہی محدود کردیا گیا ہے ۔ اس بس سے کاروار کے علاوہ انکولہ اور یلاپور کے مسافروں کو حیدر آباد جانے میں بڑی آسانی ہوتی تھی ۔ مگر اب اسے ہبلی تک ہی محدود کرنے کے باوجود اس پر کاروار-حیدرآباد کا ہی بورڈ لگا رہتا ہے ۔ کچھ یہی حال سورب ، شیموگہ روٹ سے بنگلور جانے والے بس کا ہے ، جسے شیموگہ تک ہی محدود کر دیا گیا ہے ۔
عوام کا خیال ہے کہ دوردراز روٹ کی بسوں کو آدھے فاصلہ تک ہی محدود رکھنے کی جو حرکت کے ایس آر ٹی سی افسران کر رہے ہیں اس کے پیچھے پرائیویٹ بس مالکان کی لابی کا ہاتھ ہے ۔ کیونکہ دوردراز مقامات اور بیرون ریاست جانے والوں کو جب سرکاری بسوں کی سہولت نہیں ملے گی تو پھر لازمی طور پر وہ پرائیویٹ بسوں سے سفر کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔
کے ایس آر ٹی سی بس ڈپو کی بدنظمی سے صرف دور دراز فاصلوں کے مسافر ہی نہیں بلکہ دیہی علاقوں کے مسافروں کو بھی سخت پریشانیوں کا سامنا کرنے کی نوبت آ گئی ہے ۔ اتوار کا دن چونکہ کاروار میں ہفتہ واری بازار لگتا ہے اس لئے دیہی علاقوں کے سیکڑوں لوگ کاروار شہر کا رخ کرتے ہیں ۔ لیکن اتوار کے دن ماجالی، گوئیر اور دوسرے علاقوں کے لئے بسیں نہیں چلائی جاتیں ۔ اس کی وجہ ان مسافروں کو مشکلات پیش آتی ہیں ۔ جس سے عوام میں سخت ناراضی پائی جاتی ہے ۔
جب یہ معاملہ کاروار- انکولہ کی ایم ایل اے روپالی نائک کے علم میں لایا گیا تو انہوں نے کہا اس تعلق سے مجھے کچھ پتہ نہیں ہے ۔ کسی بھی قیمت پر میں مسافروں کے لئے زحمت ہونے اور کاروار بس ڈپو بند کرنے نہیں دونگی ۔ یہ معاملہ حکومت کے سامنے رکھتے ہوئے سابقہ حالت برقرار کردوں گی ۔